بھٹکل 4/جون (ایس او نیوز) سرکاری ہیلتھ بلٹین میں پھر ایک بار کرناٹک میں آج 257 لوگوں میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے جس میں سب سے زیادہ معاملات پھر ایک بار ساحلی کرناٹک کے ضلع اُڈپی سے سامنے آئے ہیں۔ بلٹین کے مطابق آج اُڈپی سے 92 معاملات سامنے آئے ہیں اور یہ تمام لوگ مہاراشٹرا سے لوٹ کر اُڈپی پہنچے ہیں۔
حیرت کی بات یہ ہے کہ کلبرگی جہاں کل منگل کو کورونا کے 105 اور پیر کو 100 معاملات سامنے آئے تھے جس کے بعد کورونا کے 510 معاملات کے ساتھ پوری ریاست میں کلبرگی اول نمبر پر پہنچ گیا تھا، آج کلبرگی سے کوئی بھی رپورٹ پوزیٹو نہیں ہے۔ اس کے ساتھ ہی پھر ایک بار ضلع اُڈپی 564 کورونا معاملات کے ساتھ اول نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ بنگلور 424 معاملات کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، جہاں آج صرف 9 کورونا کے معاملات سامنے آئے ہیں۔
آج اُڈپی کے بعد سب سے زیادہ معاملات رائچور سے سامنے آئے ہیں جہاں ایک ہی دن 88 کی رپورٹ کورونا پوزیٹو نکلی ہے۔ جبکہ منڈیا اور ہاسن سے 15، داونگیرے سے 13، بیلگام سے 12، دکشن کنڑا سے 4، چکبالاپور اور گدگ سے دو، دو، وجئے پور، میسور، بلاری، ٹمکور اور ہاویری سے ایک ایک معاملات کورونا کے پوزیٹو نکلے ہیں۔
ہیلتھ بلٹین کے مطابق آج کے 257 معاملات کےساتھ ہی کرناٹک میں کورونا کے معاملات کی تعداد بڑھ کر 4320 ہوگئی ہے، اس میں سے اب تک 1610 لوگ صحت یاب ہوکر اسپتالوں سے ڈسچارج ہوچکے ہیں، اب تک 57 لوگوں کی موت ہوچکی ہے اور 13 لوگ آئی سی یو میں ہیں۔ ہیلتھ بلٹین کے مطابق آج کورونا سے چار لوگوں کی موت ہوئی ہے، اسی طرح ریاست کے مختلف اضلاع سے جملہ 106 لوگ اسپتالوں سے ڈسچارج ہوئے ہیں جس میں اُڈپی سے 20 اور مینگلور سے 11 بھی شامل ہیں۔